7

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ‘نشان پاکستان‘ سے نواز دیا۔

ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سعودی ولی عہد کے علاوہ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد کے ساتھ آنے والے وفود اور تاجر برادری کے ارکان بھی اس ظہرانے کی تقریب میں موجود تھے۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے آغاز میں پہلے دوست ملک سعودی عرب کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد میزبان پاکستان کے قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا—فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
تلاوت کلام پاک کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے سب سے اعلیٰ سول اعزاز نشان پاکستان عطا کیا۔

سعودی عرب اور پاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، صدر مملکت
سعودی عرب کی محبت پاکستانیوں کے دلوں میں ہے—فوٹو: عمران خان فیس بک پیج
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی عرب کی محبت پاکستانیوں کے دلوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ دونوں ملکوں کی دوستی مزید مضبوط کرے گا اور پاکستان سعودی سپریم کونسل کا قیام انتہائی اہم ہے۔

ادھر سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے کہا کہ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کے صدر سے ملنا میرے لیے باعث فخر ہے۔

سعودی شہزادے نے کہا کہ دونوں ممالک کے بانیان نے اصولوں کی بنیاد پردوطرفہ تعلقات قائم کیے اور پاکستانی بھائی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بھائیوں نے سعودی عرب میں مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا۔

علاوہ ازیں محمد بن سلمان کے اعزاز میں ایوان صدر میں ایک اور مختصر کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت اور وزیر اعظم ان کے ہمراہ رہے۔

اس تقریب میں خصوصی بینڈ نے پاکستان اور سعودی عرب کے قومی نغموں کی دھنوں سے حاضرین کو متوجہ کیا، جس کے بعد محمد بن سلمان نے وفاقی کابینہ کے اراکین اور دیگر رہنماؤں سے الوداعی ملاقات کی۔

ایوان صدر میں ہونے والی اس الوداعی ملاقات کے بعد سعودی ولی عہد واپسی کے لیے روانہ ہوگئے، جہاں وزیر اعظم عمران خان خود گاڑی چلا کر سعودی مہمان کو لے کر اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر بھی وزیر اعظم عمران خان نے گاڑی خود چلائی تھی اور محمد بن سلمان کو وزیر اعظم ہاؤس تک لے کر آئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں