4

ٹیکس چور ملک و قوم کے دشمن ہیں جن سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکس چور ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں ریونیو اکٹھا کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب خان نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لیے اٹھائے گئے نئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی نیٹ ورتھ افراد کے 6 ہزار سے زائد کیسز زیرِ غور ہیں جن سے کُل 2 ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے، جبکہ اب تک ان سے 1.3 ارب روپے کی وصولی کی جا چکی ہے۔

ایف بی آر حکام نے کہا کہ معلومات اور تحقیقات کے 66 کیسز پر کام جاری ہے جن سے اب تک 1.5 ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے، جبکہ بیرون ملک جائیدادوں (آف شور اثاثے) کے کیسز میں اب تک 6 ارب روپے سے زائد کے واجب الادا ٹیکسز اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیکشن 214 ‘ای’ کے تحت 1.57 ارب روپے کی وصولیاں کی جاچکی ہیں، اب تک 2 ہزار پلازہ کی میپنگ کی جا چکی ہے، 2 ہزار 500 سے زائد ‘پوائنٹ آف سیل’ پر قابلِ وصول ٹیکس اکٹھا کرنے کے لیے خودکار نظام کی تنصیب کی جا چکی ہے، جبکہ ایف بی آر کے ان نئے اقدامات کے تحت 24.82 ارب روپے کی وصولی متوقع ہے جس سے اب تک 11.88 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ قابلِ وصول ٹیکسز کو اکٹھا کرنے کے لیے جدید طریقہ کار بروئے کار لائے جائیں تاکہ نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چور ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے جبکہ ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

وزیر اعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ ٹیکس چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے، جبکہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے لیے آسانی اور ان کی سہولت کاری کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی بھی شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں