8

پاکستان نے کلبھوشن کے پاسپورٹ سے متعلق برطانوی رپورٹ عالمی عدالت میں پیش کردی

عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف کیس کی سماعت کے دوسرے روز پاکستانی وکیل خاور قریشی نےکلبھوشن کے پاسپورٹ سے متعلق برطانوی رپورٹ پیش کردی۔

ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف میں سماعت کے آغاز میں پاکستانی وفد کے سربراہ اٹارنی جنرل انور منصور خان نے پاکستان کے ایڈہاک جج تصدق حسین جیلانی کی غیرحاضری پر تشویش کا اظہار کیا اور ایڈہاک جج تبدیل کرنے کی درخواست کی۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ تصدق حسین جیلانی بیمار ہیں، کسی بھی ریاست کو ایڈہاک جج تعینات کرنے کا اختیار ہے۔

عالمی عدالت انصاف نے جسٹس تصدق حسین جیلانی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور صدر عالمی عدالت انصاف یوسف القبی نے پاکستان کے ایڈہاک جج کی غیرحاضری میں سماعت جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

صدر عالمی عدالت نے ریمارکس دیے کہ تصدق جیلانی سےمتعلق آپ کے سوال کا جواب مناسب وقت میں دیا جائےگا۔

عالمی عدالت انصاف میں دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے اپنی تمام سرگرمیاں بھارتی ایما پر کیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کی سرگرمیاں انفرادی طور پر نہیں تھیں وہ ایک نیٹ ورک کے طور پر کام کررہا تھا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کے منصوبوں میں ملوث رہا،وہ خاص طور پر سی پیک کو نشانہ بنانا چاہتا تھا،اس کے علاوہ تربت گوادر کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا تھا۔

انور منصور خان نے کہا کہ دہشت گردی میں اب تک پاکستان کو ایک سو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے، پاکستان دہشت گردی سےمتاثر ہونے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی عدالت کے باہر بڑا دھماکا کیا گیا جس میں سیکڑوں وکیل جاں بحق ہوئے تھے، آرمی پبلک اسکول پشاور حملے میں بھارت براہ راست ملوث تھا جس میں 140 معصوم بچوں کو شہید کیا گیا۔

اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف سے قانون کے مطابق کارروائی کی توقع کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہاہے ،ان کامزید کہنا تھاکہ بھارت نے پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کرائی اور جاسوس بھیجے، بھارت نے ہمیشہ پڑوسیوں کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی۔

اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی کے باعث ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے، خودکش حملہ آوروں نے پاکستان میں سیکڑوں افراد کو نشانہ بنایا، کراچی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی منصوبہ بندی ڈھکی چھپی نہیں، بھارت، پاکستان دشمن ملیشیا کی فنڈنگ اور تربیت کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنی دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس کو بلوچستان، گوادر،کراچی میں دہشت گردی کروانے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں