6

اسلام آباد: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گرفتار

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا اور ان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آغا سراج درانی پر سرکاری فنڈز میں مبینہ خورد برد کا الزام بھی ہے۔

آغا سراج درانی کی اسلام آباد سے گرفتاری کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کو کراچی سے ان کی گرفتاری میں کافی مسائل تھے۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہا آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ اپنے خلاف کیسز اور اہم دستاویزات پر اثر انداز میں ہوسکتے تھے۔

نیب کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی کو نیب راولپنڈی میں رکھا گیا ہے اور انہیں راہداری ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی کراچی منتقلی یقینی بنائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کو آج کسی بھی وقت عدالت میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کرپشن کے مختلف الزامات پر انکوائری کی منظوری دی تھی۔

نیب کے ریجنل ڈائریکٹر نے پیپلز پارٹی کے رہنما کے خلاف 3 الگ الگ تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جس میں پہلی تحقیقات میں آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام تھا۔

اس کے علاوہ ان پر دوسرا الزام 352 غیر قانونی تقرریوں کا الزام تھا جبکہ ان کے خلاف تیسری تحقیقات ایم پی اے ہوسٹل اور سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے مخصوص فنڈ میں خورد برد سمیت ان منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی تقرریوں سے متعلق تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں