4

کراچی: پولیس کا ‘ڈکیتوں’ سے مقابلہ، میڈیکل کی طالبہ جاں بحق

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پولیس اور مبینہ ڈکیتوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں میڈیکل کی 20 سالہ طالبہ جاں بحق ہوگئی۔

شارع نور جہاں پولیس کے مطابق واقعے میں ایک ڈکیت بھی ہلاک ہوا۔

واقعے کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز پولیس، ڈکیتی کرنے والے ملزمان کا پیچھا کررہی تھی، اس دوران انڈا موڑ کے قریب پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر 20 سالہ طالبہ زخمی ہوگئی۔

پولیس کی جانب سے مقابلے میں ہلاک کیے جانے والے مبینہ ملزم کی شناخت ریاض ملک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ پولیس نے دعویٰ کیا کہ طالبہ کو لگنے والی گولی ڈکیتوں کی جانب سے چلائی گئی تھی۔

متقولہ کی شناخت نمرہ بیگ کے نام سے ہوئی۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق واقعے کے فوری بعد زخمی طالبہ کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں موجود ڈاکٹروں نے انہیں جناح ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی اور اسی دوران طالبہ دم توڑ گئی۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مقتولہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کی طالبہ تھی۔

بعد ازاں نارتھ کراچی پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے طالبہ کی موت کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ڈی آئی جی سی آئی اے عارف حنیف کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

انچارج ایس آئی یو ایس ایس پی نعمان صدیقی اور ایس پی ٹریفک سمیع اللہ سومرو کمیٹی کے ممبران میں شامل ہیں۔

کمیٹی کے چیئرمین عارف حنیف کو تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ 3 دن میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں