7

شادی شدہ شخص سے پیار نہیں محبت کا ڈرامہ کر رہی ہوں، لیڈی گاگا

امریکی پاپ گلوکارہ و اداکارہ 32 سالہ لیڈی گاگا یوں تو ہر وقت خبروں میں رہتی ہیں، تاہم ان دنوں وہ اپنے تعلقات اور پہلے آسکر جیتنے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

رواں ماہ 25 فروری کو فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر جیتنے کے بعد لیڈی گاگا وہ پہلی خاتون آرٹسٹ بھی بن گئیں جنہوں نے ایک ہی سال میں آسکر کے ساتھ ساتھ گولڈن گلوب، بافٹا اور گریمی ایواڈ بھی جیتے۔

ابھی لیڈی گاگا جہاں ایوارڈز جیتنے کے جشن منانے میں مصروف ہیں، وہیں ان کے حوالے سے یہ خبریں بھی ہیں کہ انہوں نے ساتھی اداکار و ہدایت کار بریڈلی کوپر سے تعلقات استوار کرلیے۔

لیڈی گاگا کی جانب سے بریڈلی کوپر کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی خبریں ایک ایسے وقت میں سامنے آئیں جب کہ انہوں نے کچھ دن قبل ہی اپنی دوسری منگنی ٹوٹنے کی تصدیق کی تھی۔

لیڈی گاگا نے اکتوبر 2018 میں خود سے 17 سال بڑے ٹیلنٹ ایجنٹ 49 سالہ کرسٹیئن کرنیو سے خاموشی سے منگنی کی تھی۔

تاہم دونوں نے یہ رشتہ چار ماہ کے اندر ہی ختم کرلیا، جس کی تصدیق گلوکارہ کے ترجمان کر چکے تھے۔

لیڈی گاگا نے دوسری منگنی کرسٹیئن کرینو سے اکتوبر 2018 میں کی تھی جو رواں ماہ ختم کی—فوٹو: کوپٹلین بوٹ
منگنی ختم ہونے کی تصدیق کے فوری بعد امریکی و برطانوی میڈیا میں یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ لیڈی گاگا کے اداکار بریڈلی کوپر کے ساتھ تعلقات استوار ہوگئے۔

یہاں تک امریکی و برطانوی سوشل میڈیا صارفین نے ان کی جوڑی کو سراہتے ہوئے انہیں شادی کا مشورہ بھی دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ان دونوں میں اس وقت تعلقات استوار ہوئے جب دونوں پہلی بار رومانٹک میوزیکل فلم ’اے اسٹار ازن بارن‘ میں کام کر رہے تھے، ان کی یہ فلم کئی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

اسی فلم کے گانے ’شالو‘ پر ہی لیڈی گاگا کو آسکر ایوارڈ دیا گیا اور ان کی یہ پہلی فلم تھی، اس سے قبل وہ ماڈلنگ کے طور پر تو کام کرتی رہی ہیں تاہم انہوں نے کبھی فلم میں کام نہیں کیا تھا۔

فلم میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد لیڈی گاگا اور بریڈلی کوپر کو متعدد بار رومانوی انداز میں ملتے دیکھے گیا اور آسکر ایوارڈ تقریب میں بھی دونوں نے رومانوی انداز میں پرفارمنس کرکے سب کے شک کو یقین میں بدل دیا کہ دونوں کے درمیان محبت ہے۔

تاہم اب لیڈی گاگا نے پہلی بار بریڈلی کوپر کے ساتھ اپنے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ دراصل وہ ان سے محبت نہیں بلکہ ڈرامہ کر رہی ہیں۔

ہولی وڈ لائف کے مطابق آسکر ایوارڈ جیتنے کے بعد لیڈی گاگا ایک ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں میزبان نے ان سے نہ صرف بریڈلی کوپر سے محبت سے متعلق سوالات کیے بلکہ ان سے دیگر معاملات پر بھی سوالات پوچھے۔

لیڈی گاگا نے بریڈلی کوپر سے محبت کی چہ مگوئیوں اور مداحوں کی جانب سے جوڑی کو سراہے جانے اور شادی کی تجویز دیے جانے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

بریڈلی کوپر اور لیڈی گاگا کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے تعلقات کی خبریں ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک
گلوکارہ نے وضاحت کی کہ بریڈلی کوپر اور وہ اداکارہ ہیں اور ان دونوں کا کام بہترین انداز میں اداکاری کرنا ہے۔

لیڈی گاگا کے مطابق چوں کہ انہوں نے رومانوی فلم ’اے اسٹار از بارن‘ میں کام کیا اور ان کا گانا ’شالو‘ بھی رومانوی ہے، اس لیے وہ فلم میں کام کرنے سے لے کر اسٹیج پر اسی گانے پر پرفارمنس کرنے کے دوران اداکاری ہی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آسکر ایوارڈ جیتنے کے ساتھ لیڈی گاگا نے نیا ریکارڈ قائم کردیا
لیڈی گاگا نے واضح کیا کہ وہ مداحوں اور عام لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے بریڈلی کوپر سے اس قدر محبت کرنے کی اداکاری کرتی ہیں کہ لوگوں کو ان کے درمیان سچ میں محبت محسوس ہوتی ہے۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بریڈلی کوپر کے تعلقات سے واقف ہیں اور وہ ان سے محبت نہیں بلکہ پیار کا ڈرامہ کرتی ہیں تاکہ ان کی اداکاری کو سراہا جائے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والی منگنی سے قبل بھی لیڈی گاگا کی ایک منگنی 2016 میں ختم ہوئی تھی۔

لیڈی گاگا نے پہلی منگنی اداکار و گلوکار 37 سالہ ٹیلر کنی کے ساتھ کی تھی۔

ان دونوں کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں فروری 2015 میں منگنی بھی کرلی تھی اور جلد شادی کا ارادہ بھی کیا تھا۔

تاہم دونوں نے جولائی 2016 میں منگنی ختم کردی تھی۔

لیڈی گاگا نے دوسری منگنی ٹیلنٹ ایجنٹ 49 سالہ کرسٹیئن کرنیو سے اکتوبر 2018 میں کی تھی، تاہم ان دونوں کا رشتہ چند ماہ ہی چل سکا اور رواں ماہ ان کی منگنی ختم ہونے کی تصدیق ہوئی۔

لیڈی گاگا کی دوسری منگنی ختم ہونے کے بعد ان کے اور اداکار بریڈلی کوپر کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں۔

بریڈلی کوپر بھی عمر میں لیڈی گاگا سے 11 سال بڑے ہیں اور ان کے بھی روسی سپر ماڈل 33 سالہ ایرینا شایک سے تعلقات ہیں، تاہم ان کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

بریڈلی کوپر اور ایرینا شایک کو ایک بچہ بھی ہے اور دونوں جلد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، تاہم اب ان کی شادی میں مشکل میں پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔

ساتھ ہی یہ اطلاعات بھی ہیں کہ بریڈلی کوپر اور ایرینا شایک کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے۔

ایرینا شایک سے قبل بریڈلی کوپر کی شادی اداکارہ جینیفر اسپونسیتو کے ساتھ 2006 میں ہوئی تھی، تاہم دونوں کے درمیان 2007 میں طلاق ہوگئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں