8

اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل سے آؤٹ، پاکستان نہیں آئیں گے

دبئی: لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے ہیں اور اب وہ کراچی کے میچز میں بھی شریک نہیں ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے آخری مرحلے میں جہاں تمام ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے کی جنگ لڑیں گے وہیں لاہور قلندرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان فائنل فور میں رسائی کا مقابلہ بھی ہونا ہے ایسے میں لاہور قلندرز کو اپنے کپتان محمد حفیظ کے بعد ایک اور کپتان سے بھی محروم ہونا پڑگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور لاہور قلندرز کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں اور یوں وہ ابو ظہبی اور کراچی میں ہونے والے میچز میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
جنوبی افریقی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین کے سامنے نہ کھیلنے پر بہت مایوسی ہوئی، بدقسمتی سے میری کمر کی انجری کے باعث میں کراچی میں شیڈول میچز میں شریک نہیں ہوسکوں گا، مجھے ڈاکٹرز نے 2 ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے لہذا میں بقیہ میچز میں شریک نہیں ہوں گا البتہ میری نیک خواہشات لاہور قلندرز کے ساتھ ہیں اور میں اگلے سال پاکستان ضرور آؤں گا اور وہاں بین القوامی کرکٹ کی واپسی میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کا کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونا بری خبر ہے اور پاکستان نہ آنا لاہور قلندرز کے مداحوں کے لیے مایوس کن ہے، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ذرائع کے مطابق پروٹیز اسٹار بیٹسمین کا لاہور قلندرز کی جانب سے 7 میچز کھیلنے کا معاہدہ تھا، وہ یو اے ای میں اپنے کنٹریکٹ کے مطابق میچز کھیلنے کے بعد دبئی سے رخصت ہوگئے تھے تاہم پی سی بی اور لاہور قلندرز کی جانب سے خصوصی دعوت پر انہوں نے پاکستان میں میچز کھیلنے کیلیے حامی بھرلی تھی۔

واضح رہے اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ بھی انگوٹھے کی انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں