6

سرفراز احمد آرام کی غرض سے باہر، آسٹریلیا کے خلاف شعیب ملک کپتان مقرر

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جگہ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کے سپرد کردی گئی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 22 مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے مستقل کپتان سرفراز احمد کو اس سیریز کے دوران آرام دیا گیا ہے، جن کی جگہ سینئر کھلاڑی شعیب ملک کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچ کے دوران نسل پرستانہ جملے کہنے پر سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔پابندی کے فوری بعد ہی سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ سے واپس بلالیا گیا تھا، اس معاملے پر میڈیا میں کافی بحث و مباحثے بھی ہوئے تھے اور بعض سینئر کرکٹرز اور تجزیہ کاروں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز احمد کی کپتانی خطرے میں پڑگئی ہے۔تاہم اب آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے سرفراز احمد کے بغیر قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس کی کپتانی شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ بابراعظم، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور شاداب خان کو بھی سرفراز احمد کے ساتھ آرام دیا گیا ہے۔اسکواڈ میں اب تک بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ نہ کھیلنے والے 3 کھلاڑیوں سعد علی، محمد حسنین اور محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل میں انجری کا شکار ہونے والے محمد حفیظ بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ حسین طلعت وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں ڈراپ کردیا گیا ہے۔اسکواڈ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران عمدہ پرفارمنس دینے والے عمر اکمل کے ساتھ جنید خان کی بھی واپسی ہوئی ہےپاکستانی اسکواڈ میں شعیب ملک (کپتان)، فہیم اشرف، حارث سہیل، محمد رضوان، شان مسعود، عمراکمل، جنید خان، عثمان شنواری، یاسر شاہ، عماد وسیم، امام الحق، عابد علی، محمدعامر، محمد حسنین، سعد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔کپتان سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کو بطور وکٹ کیپر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سرفراز کی عدم شمولیت سے متعلق بتایا کہ سرفراز احمد ہمارا کپتان ہے، اسے آرام دیا گیا ہے، تاہم کپتان کی تبدیلی سے متعلق گھبرانے والی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں چل رہی ہیں کہ سرفراز آرام نہیں کرنا چاہتے تاہم ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔انضمام الحق نے بتایا کہ کوچ اور کپتان سے مشاورت کے بعد ٹیم فائنل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمر اکمل سےکوئی ذاتی اختلاف نہیں، بلکہ کوچ مکی آرتھر نے خود کہا ہے کہ عمر اکمل جیسے باصلاحیت کھلاڑی کو ٹیم میں لایا جائے۔

یاد رہے کہ سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے غصے کے عالم میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر فلکوایو پر ‘نسل پرستانہ’ جملے کہے تھے جس کو براہ راست سنا گیا تھا۔قومی ٹیم کے کپتان کی یہ ویڈیو میچ کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی اور انہیں پاکستانی شائقین کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز نے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔جس کے بعد سرفراز احمد نے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں تھا جبکہ پی سی بی نے بھی ٹیم کے کپتان کی جانب سے نسل پرستانہ جملے کسنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔بعد ازاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے پر سرفراز احمد پر 4 میچز پر پابندی عائد کردی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں