4

بھارت میں انتخابات تک مسائل ہوسکتے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم پُراعتماد ہیں کہ پاکستان امن کے راستے پر نکل چکا ہے، ہندوستان کے الیکشن تک مسائل ہوسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں آن لائن ویزا پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہندوستان کے الیکشن تک مسائل ہوسکتے ہیںکیونکہ جب آپ نفرتیں پھیلا کر الیکشن جیتتے ہیں تو اس میں پھر کشمیر جیسے واقعات کا فائدہ اٹھایا جاتا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت داخلہ آن لائن ویزا کے اجرا پر مبارکباد کی مستحق ہے،

انہوں نے کہا کہ آن لائن ویزا پالیسی پاکستان کو دنیا کے لیے کھولنے کی طرف اہم قدم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آن لائن ویزا پاکستان کو دنیا کے لیے کھولنے کی طرف ایک اہم قدم ہے،انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص مائنڈ سیٹ تھا کہ کسی کو پاکستان کا ویزا دینا مشکل سے مشکل بنادیا جائے یعنی وہ پاکستان نہ ہی آئے تو اچھا ہے۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آن لائن ویزا پالیسی کا اجرا نئے پاکستان کی طرف ایک اور بڑا قدم ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں آج جو فیصلہ کیا گیا ہے کہ یقیناً پاکستان نئے دروازے کھول رہا ہے اور ایک نئے اعتماد کا اظہار کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ گھٹن جو ماضی میں دیکھی گئی آج قوم اس سے آزاد ہورہی ہے، گزشتہ 6 ماہ میں قوم نے دیکھا کہ وزیراعظم عمران خان کے انتخاب کی نذر اور ان کے فیصلے کی بدولت آج پاکستان میں ایک ایسی حکومت معرض وجود میں آئی ہے جو اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چاہے خارجی امور ہوں،حکومت پاکستان کے موقف کی پاسداری کررہی ہے، چاہے داخلی امور ہووں وہ پاکستان کے مفادات کا دفاع کررہی ہے، چاہے معاشی اصلاحات ہوں وہ عوام کی امنگوں کے عین مطابق جستجو کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صحیح سمت میں چلنےکا ارادہ رکھتے ہیں،پاکستان کے عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف پر اعتماد کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پاکستان تحریک انصاف پر پوری قوم کا بھروسہ ہے اور یہ جماعت پیغام دینا چاہتی ہے کہ ہم اپنے اعتماد سے، دیانتداری سے مل کر ایک نیا پاکستان بنائیں گے۔

قبل ازیں نئی ویزا پالیسی کی خصوصیات بتاتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ 175 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ 50 ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 96 ممالک کے شہریوں کو 24 گھنٹوں میں ملٹی پل ویزا جاری کیا جائے گا۔

شہریارخان آفریدی نےکہا کہ ابتدائی طور پر پائلٹ پروجیکٹ میں 5 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جن میں برطانیہ،ترکی، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور چین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کو مذہبی سیاحر کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت دی جائے گی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ویزا فیس میں مجموعی طور پر 22 سے 65 فیصد کمی کی گئی ہے۔

شہر یار آفریدی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، ترکی، سعودی عرب اور بحرین ان ممالک میں شامل ہیں جنہیں ملٹی پل ویزا جاری کیا جائے گا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق تمام جدید تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں