7

الیمینیٹرٹو، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست

کراچی :پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے الیمینیٹر – 2 میں پشاور زلمی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، اتوار کوفائنل میں زلمی کا مقابلہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ جمعہ کوکراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔یہ فیصلہ محمد سمیع کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوسکا

اور پشاور زلمی کے کھلاڑی دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ پر قہر بن کر برسے۔وکٹ کی دونوں جانب موجود پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق کے بلے چھکے چوکے اگلتے رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بائولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے۔بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی کامران اکمل نے نوجوان امام الحق کے ہمراہ مل شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم کو 13ویں اوور میں 135 رنز تک پہنچا دیا۔یہاں کیمرون ڈیلپورٹ کے اوور میں یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرز کیچ آئوٹ ہوگئے۔کامران اکمل نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 21 گیندوں پر 37 اور 15 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بناسکی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر کیمرون ڈیلپورٹ نے 2 جبکہ محمد موسیٰ نے ایک وکٹ حاصل کی

۔دو سو پندرہ رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے والٹن نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیلپورٹ 28 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے۔گزشتہ میچ کے ہیرو آصف علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے انہیں پولارڈ نے آٹ کیا، حسین طلعت بھی 19 رنز پر ہمت ہار گئے، فہیم اشرف کو کرس جارڈن نے آئوٹ کیا۔پشاور زلمی کے حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کیں، کرس جارڈن کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ٹائمل ملز اور کیرون پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، اتوار 17 مارچ کو کوئٹہ اور پشاور کی ٹیمیں فائنل میں ٹکرائیں گی۔ دریں اثناء کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف کھلاڑیوں نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور میچ شروع ہونے سے قبل ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں