6

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 2019 کی اختتامی تقریب

راچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جہاں ابتدائی طور پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے خطاب کرتے ہوئے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

پی ایس ایل 2019 کے فائنل سے قبل تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے نمازیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور اسٹیڈیم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا اور 28 ہزار سے زائد افراد میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے خطاب سے ہوا۔ — فوٹو: ڈان نیوز
تقریب کا باقاعدہ آغاز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے خطاب سے ہوا۔

اس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کے خطاب سے ہوا جنہوں نے کہا کہ آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل ہے جو ٹیم جیتے گی وہ ٹرافی لے جائے گی، لیکن اصل ایوارڈ کے حق دار کراچی والے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں کراچی والوں کو کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر تمام شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

احسان مانی نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل منعقد کروانے پر تمام اداروں نے پی سی بی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور میں تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی کی ٹیم کی روایتی اور مزیدار کھانوں سے تواضع

ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں موجود دونوں بہترین ٹیمیں ہیں دونوں ہی میچ جیتنے کی کوشش کریں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے 2 سال قبل اسی میدان میں کہا تھا کہ ہم پی ایس ایل کراچی لے آئیں گے، آج حکومت اور کراچی والوں نے یہ کردکھایا ہوں۔

آج جیت کراچی والوں کی ہوگی، وزیرِاعلیٰ سندھ —فوٹو: ڈان نیوز
آج جیت کراچی والوں کی ہوگی، وزیرِاعلیٰ سندھ —

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج جو بھی ٹیم میچ جیتے گی اس سے جیت کرکٹ کی اور کراچی والوں کی ہوگی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہوگی کہ انٹرنینشل کرکٹ پاکستان آئے اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے اس کی شروعات ہو۔

وزیرِاعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کراچی میں منعقد کروانے پر تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مراد علی شاہ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائس چرچ میں شہید ہونے والے نمازیوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین ستے تعزیت بھی کی۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجودہ، پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید بھی پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے۔

فواد خان نے پی ایس ایل 2019 کے ٹائٹل سانگ پر پرفارمنس دی —فوٹو: ڈان نیوز
فواد خان نے پی ایس ایل 2019 کے ٹائٹل سانگ پر پرفارمنس دی —

اعلیٰ شخصیات کے خطاب کے بعد ایونٹ میں سب سے پہلے معروف گلوکار ابرار الحق اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے اور انہوں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔

بعد ازاں لیجنڈری نازیہ حسن کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اور ان کے مختلف گانوں پر پرفارمنس پیش کی گئی۔

ان کے بعد فواد خان نے پاکستان سپر لیگ کے رواں برس کے ٹائٹل سانگ پر پرفارمنس پیش کرکے شائقین کو محظوظ کیا۔

پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، سابق ہسپانوی فٹبالر —فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، سابق ہسپانوی فٹبالر —

فواد خان کی پرفارمنس کے بعد پی ایس ایل فائنل کے مہمانِ خصوصی میں شامل سابق ہسپانوی فٹبالر کارلوس پیئول بھی اسٹیج پر تشریف لائے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں، یہاں سے بہت پیار مل رہا ہے اور میں ان کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔

ایشیا کے معروف میوزیکل بینڈ جنون نے بھی پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں اپنی پرفارمنس سے محظوظ کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے مشہور ملی نغمے دل دل پاکستان پر بھی پرفارمنس دی۔

خیال رہے کہ اس ملی نغمے کے اصل گلوکار وائٹل سائنز کے جنید جمشید تھے جو 7 دسمبر 2016 کو حویلیاں طیارہ حادثے میں 41 مسافروں اور طیارے کے عملے کے 5 اراکین سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی و دیگر انتظامات

فائنل کے لیے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جبکہ سندھ رینجرز، سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 20 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر مامور رہے۔

سندھ پولیس اور سندھ رینجرز نے اسٹیڈیم اور اس کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اطراف کی سیکیورٹی سنبھال لی جبکہ اسٹیڈیم کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

شائقین کے مختلف مقامات پر پارکنگ کی جگہوں کا انتظام کیا گیا جبکہ پارکنگ سے حکومت کی جانب سے شٹل سروس نے شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں