6

‘وزرا کی برطرفی کے مطالبے پر مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں’

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انہیں 3 موجودہ وزرا کو برطرف کرنے کے مطالبے پر جان سے مار دینے کی دھمکیاں اور قومی احتساب بیورو (نیب) سے نوٹسز موصول ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ 13 مارچ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان کی کابینہ میں کم از کم 3 وزرا ایسے ہیں جن کے ماضی کا جائزہ لیا جائے تو ان کا کالعدم تنظیموں سے تعلق نکلتا ہے اور ساتھ ساتھ مطالبہ کیا تھا کہ انہیں برطرف کیا جائے۔تاہم آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے اپنے خیالات کا مزید اظہار کیا۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ’میں نے حکومت سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے وزرا کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے ردِ عمل کی صورت میں مجھے ہی ریاست مخالف قرار دے دیا گیا۔’

کہنا تھا کہ انہیں حکومتی ردِ عمل میں قتل کی دھمکیاں اور نیب کی جانب سے نوٹسز موصول ہورہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی حکومتی اقدام ہمیں قومی سلامتی کونسل کی پارلمیانی کمیٹی کے قیام اور کالعدم تنظیموں کے خلاف ہمارے موقف سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا۔

اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے مطالبے کو ایک مرتبہ پھر دہرادیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی حکومت میں موجود ایسے وزرا جن کے ماضی میں کالعدم تنظیموں کے ساتھ تعلقات رہے ہیں انہیں فوری برطرف کردیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں