4

وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کی خبروں میں صداقت نہیں، وزیر اطلاعات

حکومت نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دیا ہے اور کہا ہے وزیر اعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ میں آج صبح سے ہی یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ حکومت نے وزیر خزانہ سمیت پانچ اہم وزارتوں کے قلمدان میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی اس سلسلے میں اعلان متوقع ہے۔

یہ خبر ایک ایسے موقع پر سامنے آئی تھی جب وزیر خزانہ اسد عمر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں بیل آؤٹ پیکج کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

تاہم اب حکومت کی جانب سے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان خبروں کی تردید کی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، وزراء کی تبدیلی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے اور میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس وقت پاکستان اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اس نوعیت کی قیاس آرائیوں سے ہیجان جنم لیتا ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں۔ادھر وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے بھی اس قسم کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزارتوں کی تبدیلی کے حوالے سے چلنے والی خبریں من گھڑت ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں