5

جعلی اکاؤنٹ کیس میں 3 ملزمان کے وارنٹ جاری

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیش نہ ہونے والے 2 ملزمان کے قابل ضمانت اور ایک ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

اس کے علاوہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے بزنس ٹائکون ملک ریاض کے داماد زین ملک اور دیگر ملزم شہزاد کی حفاطتی ضمانت کے لیے پیش کیے جانے والے 10 لاکھ روپے کے سیکیورٹی بانڈز منظور کرلیے۔عدالت نے، ضمانت کی استدعا کرنے والی دیگر 3 ملزمان کو اپنی درخواست عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جس پر سماعت 29 اپریل کو ہوگی۔علاوہ ازیں عدالت نے اشتہائی ملزم عدنان جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور بیرون ملک فرار ہونے والے اعظم وزیر اور ناصر لوتھا کی ٹریول ہسٹری طلب کرلی۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کچھ ملزمان کی عدم پیشی کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا، جس پر عدالت نے کراچی جیل میں قید 5 ملزمان پیش نہ کرنے پر چیف سیکریٹری سندھ کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی ملزمان کو پیش نہ کیا تو متعلقہ حکام کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نیب نے بتایا کہ انہیں ملزم خواتین کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستیں مل گئی۔دوران سماعت سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئیں۔خیال رہے کہ انہوں نے عدالت میں حفاظتی ضمانت کے لیے مچلکے جمع کرانے کی درخواست دی تھی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست التوا کا شکار ہے جس پر عدالت نے ان کی درخواست پر کارروائی آئندہ سماعت تک روک دی۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انہوں نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے کیس کا ریکارڈ حاصل کرکے کراچی سے اسلام آباد میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو منتقل کردیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ملزمان کے خلاف ریفرنس کی کاپیاں ترتیب دینے کے لیے وقت درکار ہے۔

انہوں نے عدالت میں ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی جو منظور کرلی گئی۔نیب کی جانب سے آج بروز منگل بھی ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم نہ کی جاسکیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریفرنس کی کاپیاں پیش ہونے کی صورت میں آئندہ سماعت پر عدالت ملزمان پر فرد جرم عائد کرسکتی ہے۔تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ کیس کے ایک ملزم اقبال آرائیں کا انتقال ہوچکا ہے جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مرحوم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے جعلی اکاؤنٹ کیس کی سماعت 29 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی۔

بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے صدارتی نظام سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دیکھ لیں اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نیا تجربہ کرنے کی کوشش ہے، ہم تو اس کے قائل نہیں، کوشش کرنے دو ان کو ہم اس کو روکنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حالات بدتر سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں