6

سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 6 دھماکوں میں 137 افراد ہلاک، 300 سے زائد زخمی

کولمبو: سری لنکا میں3گرجا گھروں اور 3 ہوٹلوں میں دھماکوں کے نتیجے میں 137 افراد ہلاک جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سمیت مختلف شہروں میں گرجاگھروں اور ہوٹلوں میں 6 بم دھماکوں کے نتیجے میں 137 افراد ہلاک جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ انتظامیہ نے عوام سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔

سری لنکن حکام کے مطابق دارالحکومت کولمبو کے 3 ہوٹلز اور ایک چرچ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا جب کہ باٹی کالوا اور کاٹوواپٹیا شہر میں بھی ایک ایک چرچ کو نشانہ بنایا گیا، پولیس کے مطابق بم دھماکوں میں عیسائی برادری کو نشانا بنایا گیا جب کہ ایسٹر کے تہوار کے باعث گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں رش ہونے کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔

سری لنکن پولیس کے مطابق دھماکوں کی جگہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، دھماکے کس نوعیت کے تھے اس حوالے سے ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا ہے جب کہ ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے دھماکوں کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی گئی ہے۔

دھماکوں کے بعد پورے سری لنکا میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جب کہ ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، دوسری جانب دہشت گردی کے باعث ملک بھر کے اسکولوں میں 2 روز کی چھٹی دیدی گئی۔

سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکوں کے باعث وہ شدید صدمے میں ہیں۔

دوسری جانب سری لنکن وزیراعظم رانیل وکریمے سنگھے نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام اتحاد قائم رکھیں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا میں دھماکوں اور دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے، ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سری لنکن عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف سری لنکا کے ساتھ ہیں اور کولمبو میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں