7

ماسکو : مسافر طیارے میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی

روس کے دارالحکومت ماسکو کے ایئر پورٹ پر مسافر بردار طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 41 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ماسکو کے خبر رساں ادارے ’طاس‘ کے مطابق متاثرہ طیارے میں 78 افراد سوار تھے جن میں کچھ کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے پچھلے حصے میں آگ لگی شعلوں نے بعد میں پورے جہاز کو لپیٹ میں لے لیا۔

Embedded video

حکام کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے ٹیک آف کے فوری بعد واپس لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق متاثرہ طیارہ روس کے شہر ماسکو سے مرمانسک جارہا تھا۔

اس سے قبل 2016 میں دبئی سے روس جانے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 61 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بوئنگ 737 طیارہ روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا۔

علاوہ ازیں 31 اکتوبر 2015 کو بھی روسی طیارہ مصر میں دوران پرواز تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے ارکان سمیت جہاز میں سوار تمام 224 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھیں کہ جہاز کو بم دھماکے سے تباہ کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں