6

علیم ڈار کی ایک روزہ کرکٹ میں امپائرنگ کی ڈبل سنچری

علیم ڈار نے ائرلینڈ کے شہر ڈبلن میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میں اپنے ایک روزہ کریئر میں امپائرنگ کے 200 میچ مکمل کرلیے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سمیت مختلف شخصیات نے انہیں مبارک دی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی علیم ڈار کو 200 ویں ایک روزہ میچ میں امپائرنگ پر مبارک باد پیش کرتا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ ‘پی سی بی اور تمام مداحوں کی جانب سے میں علیم ڈار کو 200 ایک روزہ میچ مکمل کرنے کے شان دار اعزاز پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں، یہ اعزاز علیم خان کی صلاحیت، فیصلے اور عزم کا اظہار ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘علیم ڈار نے 1997 میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے بڑی تیزی سے 2000 میں بین الاقوامی امپائرنگ میں دستک دی اور آج وہ دنیا کے سب سے قابل احترام اور مقبول ترین امپائر وں میں سے ایک ہیں’۔

وسیم خان نے کہا کہ ‘علیم ڈار نوجوانوں اور ریٹائرڈ کرکٹرز کے لیے بہترین رول ماڈل ہیں جو کھیل کے اندر ہی اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں، امپائرنگ قابل اعتبار پیشہ ہے اور کھیل کی خدمت اور پیسہ کمانے کے لیے ہر کسی کو غیرمعمولی مواقع فراہم کرتا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘بطور قوم ہمیں علیم ڈار کی کامیابیوں پر فخر ہے اور عالمی میدانوں میں ان کی بہترین کارکردگی کے لیے دعاگوہ ہیں’۔

View image on Twitter

خیال رہے کہ علیم ڈار نے 200 ایک روزہ میچوں کے علاوہ 125 ٹیسٹ میچوں میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے سابق امپائر اسٹیو بکنر کے ریکارڈ 128 میچوں سے محض 3 میچ کے فرق سے پیچھے ہیں جبکہ 43 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ روڈی کرٹزن کے پاس ہے جنہوں نے 1992 سے 2010 کے دوران 209 میچوں میں امپائرنگ کی۔

علیم ڈار نے نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن کے 200 میچوں میں امپائرنگ کے ریکارڈ کو برابر کردیا ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے اسٹیو بکنر کا نام آتا ہے جنہوں نے 181 میچوں میں امپائرنگ کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں