91

مودی کے خراب موسم کے باوجود بالاکوٹ حملے کے احکامات دینے کے دعوے پر سخت تنقید

وزیر اعظم نریندر مودی کے 26 فروری کو خراب موسم ہونے کے باوجود حملے کے احکامات دینے کے دعوے پر سخت تنقید سامنے آئی۔

کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری سیتا رام ییچوری نے وزیر اعظم کے ریمارکس کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ ہماری فضائیہ کو غیر تربیت یافتہ بتاتے ہوئے ان کی تضحیک کرتے ہیں، جن حقائق کی انہوں نے باتیں کی ہیں وہ تمام ریاست مخالف ہیں اور کوئی بھی محب وطن ایسا نہیں کہہ سکتا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’قومی سلامتی کوئی ایسی چیز نہیں جس کے ساتھ کھیلا جائے، مودی کے زبان سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان انتہائی نقصاندہ ہے، اس طرح کا کوئی بھی شخص بھارت کا وزیر اعظم نہیں بن سکتا‘۔

نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے نریندر مودی کے دعوے والے بی جے پی کے ٹویٹ کو ڈیلیٹ ہونے پر تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ ٹویٹ بادلوں میں گم ہوگیا، لیکن خوش قسمتی سے اس کے اسکرین شاٹ گردش کر رہے ہیں مدد کے لیے‘۔

انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ ’پاکستانی ریڈار بادلوں میں نہیں دیکھ سکتے، یہ ایک اہم معلومات ہے جسے ہم آئندہ فضائی حملوں کے لیے منصوبہ بنانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

کانگریس کے ترجمان سنجے جھا نے ٹویٹ کیا کہ ’مودی جی یہ ریڈار ہے، اپنے چشمے اتاریں اور بادلوں کو دوبارہ دیکھیں‘۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ مودی کی منطق انتہائی دردناک شرمندگی کا باعث تھا۔

جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ ’یہ کوئی راز نہیں کہ بالاکوٹ کا حملہ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کیا یہ وزیر اعظم کے بھارتی فضائیہ کی تجویز کو مسترد کرنے اور خراب موسم میں فضائی حملوں کی اجازت دینے کی وجہ سے تھا‘۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ کے ساتھ نریندر مودی کے بارے میں ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں لکھا تھا ’جملہ ہی پھینکتا رہا 5 سال کی سرکار میں، سوچا تھا بادل ہیں، نہیں آؤں گا ریڈار میں‘۔

View image on Twitter

خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز نیوز نیشن کو دیے گئے انٹرویو میں متنازع ریمارکس دیے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ’دفاعی ماہرین کے کے منصوبے پر انہیں شک تھا، مجھے حیرت ہے کہ ملک کے پنڈت جو مجھے برا بھلا کہتے ہیں کبھی یہ نہیں جان سکے‘۔

تاہم سوشل میڈیا پر کئی ماہرین نے واضح کیا کہ مودی کے تجویز کا سائنس سے کوئی تعلق نہیں۔

ریڈار ٹیکنالوجی ریڈیو ویوز کے ذریعے اپنے آس پاس چیزوں کی اطلاع دیتی ہے جو دھند میں بھی کام کرتی ہے، بالاکوٹ میں بادلوں کے ہونے سے بھارتی فضائیہ کو کسی قسم کے فوائد حاصل نہیں ہوئے تھے۔

بی جے پی کی قومی اور گجرات یونٹ نے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی تھی تاہم کچھ دیر بعد اسے ہٹا دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں