5

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آج متعارف کروائی جائے گی، وفاقی وزیر

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حکومت میں اعلیٰ سطح پر زیر بحث رہنے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے بارے میں کہا ہے کہ یہ آج (پیر) کو متعارف کروادی جائے گی کیونکہ کابینہ نے اس کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا آصف علی زرداری اور نواز شریف کی سابق حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ملنے والے معاشی بحران نے موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف سے مالی مدد حاصل کرنے پر مجبور کیا۔

ملک میں بیروزگاری اور قیمتوں میں اضافے کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے 2 سال مشکل ہوں گے اور انہیں صرف ملک کے مالی معاملات میں بہتری کے بعد ہی ریلیف ملے گا۔

3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کے دور میں 2 مرتبہ وزیر رہنے والے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شریف برادران برصغیر کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، لیکن قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس ان کو گرفتار کرنے کے لیے صلاحیت کا فقدان ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف سے 10 درجہ زیادہ چالاک ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے ملک چھوڑ دیا اور اپنے بڑے بھائی کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ انہوں نے (پی ٹی آئی قیادت) کو خبردار کیا تھا کہ شہباز شریف ڈیل یا ڈھیل کے حصول میں کامیابی کے لیے مصروف ہیں اور وہ کبھی واپس نہ آنے کے لیے لندن گئے ہیں، کم از کم مستقبل قریب میں تو ایسا نہیں لگتا کہ وہ واپس آئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز بھی پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بدعنوان سیاستدانوں کا صرف یہی مسئلہ ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ڈیل کے بعد بیرون ملک چلے جاتے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان کرپٹ عناصر کو این آر او دینے پر راضی ہونے کے بجائے عہدہ چھوڑنے کو ترجیح دیں گے۔

تاہم اس موقع پر انہوں نے اپنے ہی بیان سے متضاد بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ منی لانڈرنگ کیسز کا سامنا کرنے والے سابق صدر آصف زرداری کو ڈیل یا ڈھیل کے قریب دیکھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں