65

اوگرا کی یکم جولائی سے گیس مہنگی کرنے کی سفارش

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم جولائی سے گیس اوسطاً 47 فیصد تک مہنگی کرنے کی سفارش کر دی۔اوگرا نے سوئی ناردرن گیس صارفین کے لیے گیس کی اوسط قیمت میں 47 فیصد جبکہ سوئی سدرن صارفین کے لیے 28 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے۔

اوگرا کی جانب سے سوئی ناردرن گیس صارفین کے لیے فی یونٹ گیس 237 روپے اور سوئی سدرن گیس صارفین کے لیے فی یونٹ گیس 160 روپے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔

سرکاری دستاویز کے مطابق گھریلو صارفین کے ابتدائی دو سلیبز کے لیے 65 فیصد، تیسرے سلیب کے لیے 43 فیصد، چوتھے سلیب کے لیے 50 فیصد جبکہ پانچویں اور چھٹے کے لیے گیس 25 سے 47 فیصد تک مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وفاقی حکومت دے گی۔یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں گیس کمپنیوں کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے گیس یوٹیلیٹیز کی آمدن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گیس کی قیمتوں میں 145فیصد تک اضافے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹیڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹیڈ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواست دائر کی تھی اور یہ اقدام ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب اکتوبر 2018 میں گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کے سبب تحریک انصاف کی حکومت کو شدید سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔

اوگرا کے بیان میں کہا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں خدمات انجام دینے والی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹیڈ نے مالی سال 20-2019 کے لیے یکم جولائی سے 144 فیصد اضافے کی تجویز پیش کرتے ہوئے 723 روپے اضافے کے ساتھ قیمت ایک ہزار 224 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی تجویز دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں