66

قمر زمان کائرہ کا بیٹا روڈ حادثے میں جاں بحق

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر لالہ موسیٰ میں روڈ حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔اسامہ قمر کی گاڑی موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں اسامہ قمر کے دوست بھی زخمی ہوئے۔قمر زمان کائرہ کو حادثے کی اطلاع اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران دی گئی جس کے بعد وہ پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ روانہ ہوگئے۔

ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنما نیّربخاری، چوہدری منظور و دیگر بھی روانہ ہوئے۔اسامہ قمر گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قمر زمان کائرہ سے صاحبزادے کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ‘جواں سالہ بیٹے کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہوں’۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔عمران خان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ‘جواں سالہ بیٹے کے صدمے سے دو چار والدین کے لیے دلی ہمدردی کااظہار کرتا ہوں اور غمزدہ والدین اور خاندان کے لیے صبر کی دعا کرتا ہوں’۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیان جاری کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ اور ان کے اہلخانہ کی تعزیت کی اور اوسامہ کائرہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں