5

فیصل واڈا کی ذاتی حیثیت میں اسکیم، بے روزگاروں میں 3 کروڑ روپے تقسیم

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی فیصل واڈا نے انفرادی کوششوں سے اپنے حلقے میں ‘اپنا روزگار اسکیم’ متعارف کروادی۔

واضح رہے کہ فیصل واڈا نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 بلدیہ ٹاؤن سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

بلدیہ ٹاؤن میں اسکیم کے تحت لوگوں میں چیک کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا مقصد این اے 249 میں بے روزگار نوجوانوں کے لیے کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار افراد کے درمیان 3 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔رکن قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ یہ رقم نوجوانوں کو بلا سود قرض کے طور پر دی جائے گی۔

فیصل واڈا نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ملک میں جاری اس طرح کے دیگر پروگرام اچھے ضرور ہیں لیکن ان کی جانب سے متعارف کروائی گئی یہ اسکیم سب سے اچھی ہے۔وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ یہ اسکیم لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائے گی، جو ماہانہ بنیادوں پر لمبی لائن میں لگ کر پیسہ لینے سے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اسلامی تعلیمات کے مطابق لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے مدد کر رہی ہے اور سود کے بغیر ذریعہ معاش پیدا کرنے میں معاونت کررہی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فیصل واڈا کی اسکیم سے متعلق ایک پوسٹر شائع کیا تھا۔

اس ٹوئٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ اس اسکیم میں وفاقی و صوبائی حکومت کے فنڈ استعمال نہیں ہوں گے، بلکہ اسکیم کے لیے دی گئی رقم فیصل واڈا اور دیگر سماجی کارکنان نے دی ہے۔

View image on Twitter

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں