6

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مصروف سڑک پر بھارتی فوج پر حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا کہنا تھا کہ ’2 موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے پیٹرولنگ پر مامور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو کے پی روڈ پر خودکار رائفل سے نشانہ بنایا اور دستی بم بھی پھینکا۔’

رپورٹ میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا، جبکہ اس کے قبضے سے ایک رائفل بھی بر آمد کرلی گئی۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کی رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور ایک حملہ آور ہلاک ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے علاقے کو سیل کرتے ہوئے دوسرے حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں تقریباً 5 لاکھ بھارتی فوجی اہلکار موجود ہیں جہاں گزشتہ 30 برسوں سے بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کی جدوجہد جاری ہے، نتیجتاً لاکھوں افراد زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے میں 44 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

بھارتی حکومت اور میڈیا نے بغیر کسی تحقیقات کے اس حملے کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں