6

ورلڈکپ 2019 سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹرز پاکستان پہنچ گئے

کرکٹ ورلڈکپ 2019 سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔

قومی کرکٹرز رات گئے الگ الگ پروازوں کے ذریعے لندن سے پاکستان پہنچے جس کے بعد وہ نجی گاڑیوں میں ائیرپورٹ سے اپنے اپنے گھر روانہ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر محمد حسنین کراچی پہنچے جب کہ بابر اعظم، امام الحق اور آصف علی لاہور پہنچ گئے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کے لیے خصوصی طور پر کوئی موجود نہیں تھا البتہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی میں موجود کچھ افراد  نے کپتان سرفراز کے ساتھ سیلفیز لیں۔

اس موقع پر کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس نے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی حصار میں لیے رکھا تھا۔

ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندوں نے سرفراز سے بات چیت کرنے کی کوشش کی لیکن وہ میڈیا سے گفتگو کیے بغیر گھر روانہ ہوگئے تاہم آج دوپہر وہ پریس کانفرنس کریں گے۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور عماد وسیم بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

شاداب خان اور عماد وسیم کل راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کریں گے۔

فاسٹ بولر محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حفیظ اور شعیب ملک فی الحال انگلینڈ میں ہی مزید کچھ روز قیام کریں گے جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر جنوبی افریقا جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں