9

کراچی: ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خودساختہ 100 فیصد تک اضافہ کردیا

کراچی: ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پیٹرول کی قیمت مہنگی ہونے کو جواز بناتے ہوئے بسوں، کوچز اور منی بسز کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کردیا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران سی این جی کی قیمت میں بھاری اضافے کے باوجود سندھ حکومت نے کرایوں میں گزشتہ 8 سال سے اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ پنجاب حکومت 5 مرتبہ اضافہ کرچکی ہے۔

شہر کے ٹرانسپورٹرز کی اہم تنظیم کے رہنما نے ڈان کو بتایا کہ متعدد دیگر ایسوسی ایشن نے خودساختہ کرایوں میں اضافہ کیا اور ٹرانسپورٹرز برادری صوبائی حکومت کو کرایوں میں اضافہ کرنے کے لیے 10 جولائی کو شہر میں ہڑتال کریں گے۔

مسافروں کے مطابق صفورہ چوک سے صدر جانے والی 11 سی بس کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔

کنڈیکٹروں سے صوبائی حکام کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کی کاپی طلب کرنے کے سوال کے جواب میں مسافروں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایسا کوئی نوٹی فکیشن نہیں بلکہ کنڈکٹر بس اونرز ایسوسی ایشن کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا لیٹر ہمیں دکھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘اضافی کرایہ دینے سے انکار کرنے پر کنڈکٹر مسافروں سے بس سے اترنے کا کہتے ہیں’۔

دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹر اتحاد (کے ٹی آئی) کے صدر ارشاد بخاری نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا ہے بلکہ 10 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ چند ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے خودساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کردیا ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ان کا کاروبار کرنا مشکل تر ہوتا جارہا تھا۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں