9

ایوارڈ یافتہ گلوکار آر کیلی جنسی جرائم کے الزامات میں گرفتار

بل بورڈز اور گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار، موسیقار، لکھاری اور سابق باسکٹ بال کھلاڑی 52 سالہ رابرٹ سلویسٹرکیلی (آر کیلی) کو نئے جنسی جرائم کے تحت ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا۔

آر کیلی کو رواں برس دوسری بار گرفتار کیا گیا ہے، انہیں رواں برس فروری میں بھی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

آر کیلی نے فروری میں 3 دن جیل میں گزارے تھے جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

آر کیلی پر پہلے ہی کم سے کم 50 نابالغ لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو ریپ، بدترین جنسی تشدد اور بلیک میلنگ جیسے الزامات ہیں۔

آر کیلی نے 15 برس کی عمر میں عالیہ سے شادی کی جو بعد ازاں جہاز حادثے میں ہلاک ہوگئیں—فائل فوٹو: مس ڈمپلز
آر کیلی نے 15 برس کی عمر میں عالیہ سے شادی کی جو بعد ازاں جہاز حادثے میں ہلاک ہوگئیں—فائل فوٹو: مس ڈمپلز

آر کیلی پر رواں برس فروری میں امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگوکی ایک عدالت نے تین کم عمر لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 4 اور بعد ازاں مزید 6 افراد کو بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کی فرد جرم بھی عائد کی تھی۔

علاوہ ازیں ریاست الینوائے کی کک کاؤنٹی کی عدالت نے ان پر رواں برس مئی میں جنسی جرائم کے مزید 11 نئے الزامات لگائے تھے اور تاحال ان پر ان کیسز کی فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی۔

آر کیلی پر جون میں لگائے گئے نئے 11 الزامات کے تحت انہوں نے 3 لڑکیوں کو اس وقت جنسی تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا جب ان کی عمریں 13 سے 17 برس کے درمیان تھیں۔

گلوکار پر دوسری سابق اہلیہ نے بھی بدترین جنسی تشدد کے الزامات بھی لگا رکھے ہیں—فائل فوٹو: دی سورسز
گلوکار پر دوسری سابق اہلیہ نے بھی بدترین جنسی تشدد کے الزامات بھی لگا رکھے ہیں—فائل فوٹو: دی سورسز

آر کیلی پر عائد کیے گئے 11 الزامات میں سے 4 الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور یہ الزامات ثابت ہونے پر انہیں 30 سال جیل اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

ان پر لگائے گئے ان نئے 11 الزامات کے تحت انہوں نے مئی 2009 سے جنوری 2010 تک یہ جرائم کیے۔

ان پر لگائے گئے پہلے الزامات کے تحت انہوں نے 1990 سے لے کر 2000 تک ایک دہائی تک تین کم عمر لڑکیوں سمیت دیگر خواتین کو بدترین جنسی تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا۔

گلوکار پر گلوکارہ کے مائیکل نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنےکے الزامات لگائے تھے—فائل فوٹو: بوسپ
گلوکار پر گلوکارہ کے مائیکل نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنےکے الزامات لگائے تھے—فائل فوٹو: بوسپ

علاوہ ازیں ان پر ایک نابالغ لڑکی سے شادی کرنے سمیت اپنی دوسری اہلیہ کو بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنائے اور ایک خاتون کے ساتھ ورچوئل طرز پر جنسی تعلقات قائم کرنے جیسے الزامات ہیں۔

اگرچہ آر کیلی نے ان تمام الزامات کو مسترد کیا ہے، تاہم ان کے خلاف کیس لڑنے والے وکلاء کے مطابق گلوکار کے خلاف مستند ثبوت موجود ہیں۔

آر کیلی کا نشانہ بننے والی زیادہ تر لڑکیاں نابالغ یا نوجوان ہیں—فائل فوٹو: ڈیلی بیسٹ
آر کیلی کا نشانہ بننے والی زیادہ تر لڑکیاں نابالغ یا نوجوان ہیں—فائل فوٹو: ڈیلی بیسٹ

تاہم اب انہیں نئے جنسی جرائم کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔

خبر رساں ادرے ’اے ایف پی‘ نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آر کیلی کو 11 جون کو گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق آر کیلی کو بچوں کے جنسی استحصال سمیت دیگر 13 جنسی جرائم کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔

آر کیلی کو امریکا کی فیڈرل پولیس نے شکاگو سے گرفتار کیا۔

گلوکار پر زیادہ تر سیاہ فام خواتین کو نشانہ بنانے کا الزام ہے—فوٹو: ہیلو بیوٹی فل
گلوکار پر زیادہ تر سیاہ فام خواتین کو نشانہ بنانے کا الزام ہے—فوٹو: ہیلو بیوٹی فل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں