6

پیراگون ہاؤسنگ کیس: خواجہ برادران پر فرد جرم 18 اگست کو عائد کی جائے گی

لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ برادران پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 18 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی جس سلسلے میں نیب ٹیم نے دونوں ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو ریفرنس کی نقول فراہم کردیں اور خواجہ برادران پر فرد جرم کے لیے 18 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔

آئندہ سماعت پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

واضح رہےکہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخی کےبعد خواجہ برادران کو عدالت سے ہی گرفتار کیا تھا۔

نیب کی جانب سے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں جس کے بعد نیب لاہور نے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔

نیب لاہور کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔

نیب کے مطابق خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں