12

کلبھوشن کے ساتھ پاکستانی قوانین کے مطابق ہی سلوک ہوگا، وزیرخارجہ

کمانڈر کلبھوشن کے خلاف عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے، وزیر خارجہ۔ فوٹوفائل

کمانڈر کلبھوشن کے خلاف عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے، وزیر خارجہ۔ فوٹوفائل

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا اور اس کے ساتھ پاکستانی قوانین کےمطابق ہی سلوک ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی کمانڈر کلبھوشن کے خلاف عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں ہی رہے گا اور اس سے پاکستان کے قوانین کے مطابق برتاؤ کیا جائے گا۔

دوسری جانب دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت برائے انصاف نے آج کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ سنایا، اور عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کو بری اور رہا کرنے کی بھارتی استدعا منظور نہیں کی۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت کم وقت تھا لیکن پاکستان اس مقدمے میں گیا اور ایک ذمہ دار ملک کی طرح اپنی عالمی یقین دہانیوں سے شروع سے پیچھے نہیں ہٹا، پاکستان اب اس کیس پر قانون کے مطابق آگے بڑھے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کمانڈر کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے جو حسین مبارک پٹیل کی دستاویز پر پاکستان آیا، حسین مبارک پٹیل کا پاسپورٹ بھارت نے جاری کیا اور اصلی ہے، کمانڈر کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی زندہ مثال ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی، ملک کو غیر مستحکم اور متعدد دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث ہے، اس کی دہشت گردانہ کاروائیوں کے نتیجے میں سیکڑوں معصوم پاکستانی لقمہ اجل بنے، اور اس نے اپنے کرتوتوں کا اعتراف جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں