13

’پاکستانی سائنسدانوں کو خلا میں بھیجنے کیلئے سلیکشن کا عمل آئندہ برس شروع ہو گا‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی خلا باز کے لیے سلیکشن کے عمل کا آغاز اگلے برس سے شروع ہو گا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں اعلان کیا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پہلے پاکستانی خلاباز کے لیے انتخابی عمل 2020 سے شروع ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 50 خلانورد شارٹ لسٹ کریں گے جن میں سے 25 فائنل مرحلے میں جائیں گے اور 2022 میں انشاء اللّہ پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا، یہ پاکستانی اسپیس پروگرام کے لیے تاریخ ساز اقدام ہو گا۔

فواد چوہدری نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں 25 جولائی کو فتح کا دن قرار دیا اور لکھا کہ آج کے دن عوام  نے عمران خان کی قیادت میں مافیا کو تاریخی شکست دی تھی۔

انہوں نے لکھا کہ اس دن پاکستان میں جمہوریت جیتی اور ایک نیا سفر شروع ہوا، یہ سفر کٹھن ہے، راہ گزر کانٹوں سے پُر اور سنگلاخ لیکن منزل ایک ترقی کرتا پاکستان ہے۔

 فواد چوہدری نے ملک کی ترقی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اس سفر میں ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 25 جولائی کو ملک میں عام انتخابات ہوئے تھے جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کامیابی حاصل کی اور عمران خان نے بطور وزیراعظم حلف اٹھایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں