6

ایران عرب ریاستوں کے ساتھ غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے تیار

ایرانی سفیر نے عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ تہران عرب ریاستوں کے ساتھ پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے تیار ہے، تہران ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کا خواہشمند نہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران سے متعلق الفاظ سے نہیں بلکہ اپنے اقدامات سے اپنے ارادوں کو ظاہر کرنا ہوگا۔

ایرانی ٹیلی وژن پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں ایرانی سفیر بہرام قسیمی نے ’خلیج فارس میں تناؤ کی کمی‘ کے عنوان سے ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہران اپنے مشرق وسطیٰ میں امن و امان بحال کرنے کے لیے تمام عرب ممالک کے ساتھ پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ عرب ریاستیں خطے میں تناؤ کو کم کرنے اور استحکام حاصل کرنے کے لیے ایرانی کال کا جواب نہیں دیتیں۔

ایرانی سفیر نے وزیر خارجہ جواد ظریف کے بیان کا حوالہ بھی دیا جو انہوں نے 26 مئی کو اپنے دورہ عراق کے دوران دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ تہران خلیج فارس کے تمام ممالک کے ساتھ ایک غیر جارحانہ معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا تھا کہ تہران خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے بات جیت کی کسی بھی تجویز کا خیرمقدم کرے گا۔

بہرام قسیمی کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ خطے میں اعتماد کی فضا قائم کرنے اور اپنے حلیف کے خدشات دور کرنے کے لیے غیر جارحانہ معاہدے کی تیاری کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اور سلامتی کی ضمانت اسی وقت دی جاسکتی ہے جب خطے کی تمام ریاستوں کے مفادات کو اعتماد میں لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں