3

آج عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا، فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری پر کہا ہے کہ آج عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یکساں قانون کا اطلاق یقینی بنانے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں قانون کا اطلاق ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عدالتیں مرضی کی تشریح کرتی رہیں تاہم آج عدالتوں نے آزادی کا ثبوت دے دیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی اور حمزہ شہباز اور آصف علی زرداری کا قانون کے تابع آنا مثبت پیش رفت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 70 برس سے سیاستدانوں نے قانون کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب صرف اور صرف قانون کی بالا دستی ہوگی، ادارے مضبوط ہوں گے تو غلطی کی گنجائش نہیں ہوگی۔

غیرحقیقی اقتصادی اہداف

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ اور قائم مقام حکومت نے غیرحقیقی اقتصادی اہداف طے کیے تاکہ آئندہ منتخب حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ ’سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر چلے گئے اور مجھے خوشی ہوگی کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں بتائے کہ وہ پاکستان واپس کیوں نہیں آرہے‘۔

بجٹ پر سیاسی پوانٹ اسکورنگ

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ آنے سے قبل میڈیا سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں روایتی انداز اپنا کر تنقید سے بھرے بیانات دے کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر ہم نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے بہتر حکمت عملی اختیار کی ہے اور صنعت کار اور سرمایہ دار طبقے پر اضافی بوجھ ڈالا ہے۔

ان کا کہنا تھا بجٹ کے آفٹر شاکس سے بچانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو بھی اپنا کردار نبھانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں