10

شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے شاہد خاقان عباسی کو ایک بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عمران نیازی اور نیب کی ملی بھگت سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور وار ہوا ہے، آج ایک بھونڈے طریقے سے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کے پاس وارنٹ نہیں تھے، ڈی جی نیب نے انہیں پہلے واٹس ایپ پیغام دکھایا جبکہ پھر انہیں وارنٹ گرفتاری کی کاپی دکھا کر حراست میں گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 11 ماہ میں معیشت کا جنازہ نکال دیا اور وہ ان گرفتاریوں سے مسائل کو چھپانا چاہتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ احتساب کہاں ہے، شفاف انصاف پر مبنی احتساب پاکستان میں کہاں ہے، یہ احتساب کے نام پر مسلم لیگ (ن) کے خلاف شدید انتقام ہے، قوم سمجھ چکی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک دن وزیر بناتے ہیں دوسرے دن ہٹاتے ہیں، کبھی ایف بی آر چیئرمین لگاتے ہیں کبھی ہٹا دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں