10

پاکستان اور سری لنکا نےسائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں
باہمی تعاون کے تین عمومی معاہدوں کو حتمی شکل دے دی
معاہدوں کے لیےوزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ سری لنکا
کے دوران کامسیٹس نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے

اسلام آباد( محمد جواد بھوجیہ )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے تین عمومی معاہدوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔آئی ٹی آئی سری لنکا کی جانب سے ادارےکے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رادھیکا سمارسیکرا نے جب کہ آئی سی سی بی ایس اورکامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی نمائندگی سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر ) محمد سعد خٹک نے کی۔وزیراعظم پاکستان کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
تین عمومی معاہدوں کو حتمی شکل ملنے کے بعدگذشتہ روز کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے ان معاہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کوبتایا کہ کولمبو میں وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورے کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ان معاہدوںکے لیے مفاہمت کی تین یادداشتوںپرصنعتی ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) سری لنکا اور پاکستان کےبین الاقوامی سنٹر برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) اور پاکستان کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی) کے درمیان معاہدے طےہوئے۔آئی ٹی آئی ، سری لنکا اور آئی سی سی بی ایس پاکستان کے مابین مفاہمت کی اِن یادداشتوںمیںقدرتی مصنوعات، دواؤں کے استعمال میں آنے والےپودوں کی کیمسٹری ، فوڈ کیمسٹری ،بائیوٹیکنالوجی ،نینو ٹیکنالوجی ،خطہ منطقہ حارہ (گرم علاقوں)کی بیماریوں پرتحقیق اور تجزیاتی خدمات
کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا۔ مفاہمت کی تین یاداشتوں کے تحت فریقین وظائف ،طویل اور قلیل مدتی فیلوشپس ،جدید آلات سے متعلق تربیت ،طلباء کی مشترکہ نگرانی ،ادارہ جاتی ورکشاپس کا انعقاد ، تحقیق کرنے والے سائنسدانوں اور فیکلٹی ممبروں کےتبادلوں کے سلسلے میں تعلیمی اور تحقیقی سطح پرتعاون بھی فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں مطبوعات ،تجزیاتی خدمت ،لیبارٹریوں کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نےمزید بتایا کہ آئی ٹی آئی،سری لنکا اور سی یو آئی،پاکستان کے مابین مفاہمت کی ان تین یادداشتوںپردستخط کا اصل مقصد مشترکہ تربیتی پروگرامز ،کانفرنسوں اور سیمینارزکے ذریعہ تعلیم ،تحقیق اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تعاون کی بنیاد فراہم کرناتھاتاکہ مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ محققین ،عملے اور فیکلٹی ممبروں کےتبادلہ جات۔ قلیل مدتی اور طویل مدتی رفاقت کو مزید بڑھایا جا سکے۔انہوں نے قلیل مدتی تربیتی نصاب کےنفاذ،مشترکہ تحقیقی جرائد کی اشاعت اور سائنسی وسائل کےاشتراک میں ہونے والی نئی پیش رفت پربھی روشنی ڈالی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ بالامعاہدوں پر دستخط کرنے سے کامسیٹس کے نیٹ ورک کے بین الاقوامی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مراکز کو خطہ جنوبی جبوب میں ترقیاتی اہداف کی تکمیل کےلیے بھرپورمدد ملے گی اورخطے میں پائیدارترقی کی راہ میں حائل مسائل کے حل کے لیےسائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر مبنی حل تلاش کرنے کے لیے باہمی تعاون دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اسی کے ساتھ ہی سائنس ، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی میں باہمی فوائد کے ثمرات پاکستان اور سری لنکا کومزید قریب لانے کا باعث بنیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں