3,255

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ایک اور اوباش گرفتار

لاہور: پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے والا اوباش گرفتار کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک اوباش نوجوان نے لڑکی کو اپنا نمبر دینے کے لئے پرچی پھینکی جب کہ منع کرنے پر ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق لاری اڈہ پولیس نے لڑکی کی درخواست پر ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ لڑکی کا بیان ہے کہ ملزم نے رکشہ میں بیٹھی لڑکی سے چھیڑ خانی کی، اور منع کرنے پر ملزم نے ہراساں کرنا شروع کر دیا، جب کہ ملزم نے موبائل نمبر والی پرچی بھی لڑکی کی طرف پھینکی، لاری اڈہ پولیس نے کاروائی کرتے ملزم اسامہ کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو بھی گریٹراقبال پارک میں لیڈی پولیس اہلکار کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات آسیہ نامی لیڈی پولیس اہلکار کو دو لڑکوں نے ہراساں کیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جب کہ اس سے قبل اسی پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے بدتمیزی اور ہراساں کرنے کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں