9

یمن میں بس پر فضائی حملہ، 29 بچے ہلاک

صنعا: شمالی یمن میں بچوں سے بھری ایک بس پر فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 29 بچے ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

سعودی اتحاد نے یمنی علاقے صعدہ پر حملے کی تصدیق کی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ کارروائی سعودی شہر جازان پر بیلسٹک میزائل حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کی گئی۔

سعودی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سرکاری نیوز ایجنسی کو دئیے گئے انٹرویو میں بتایا ہے کہ المالکی کا کہنا ہے حوثی باغی دیگر مجرمانہ کاروائیوں کے علاوہ معصوم بچوں کو عسکریت پسندی اور انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

تاہم دوسری جانب ریڈ کراس نے بتایا ہے کہ شمالی صعدہ میں سعودی اتحاد نے بچوں سے بھری ہوئی ایک بس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں ہلاک ہوئے۔

ریڈ کراس نے اپنے توئیٹر ہینڈل پر کہا کہ ان کی جانب سے چلائے جانے والے ایک اسپتال میں اب تک 29 بچوں کی لاشیں موصول ہوچکی ہیں جن کی عمریں 15 سال سے کم ہیں۔

ریڈ کراس کے مطابق واقعے میں 48 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 30 بچے ہیں۔

ترجمان ریڈ کراس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد حتمی نہیں کیوں کہ واقعے کے بعد لاشوں کو مختلف اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے مطابق حوثی باغیوں کے معاملے پر یمن میں جاری جنگ کے نتیجے میں اب تک 10 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں