25

آرمی چیف مدت ملازمت معاملہ؛ وزیراعظم کی کابینہ ارکان اور قانونی ٹیم سے مشاورت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازت میں توسیع کے معاملے پر وفاقی کابینہ کے سینئر ارکان کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے سینیئر ارکان اور قانونی ٹیم کو طلب کرلیا، اجلاس میں وزارت قانون کے نمائندے اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما بابراعوان بھی شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کی آج کی سماعت پر مشاورت ہورہی ہے، قانونی ٹیم وزیراعظم اور کابینہ کو سماعت سے متعلق بریف کرے گی جب کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات سے متعلق مشاورت ہوگی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سینئیر وزراء نے ملاقات کی جس میں موجود صورتحال پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سیکیورٹی صورتحال دیکھ کرکی تاہم حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے، دوران سماعت چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس کا فیصلہ کریں گے، ملک میں ہیجانی کیفیت نہیں ہونی چاہیے اور ابہام دور ہونا چاہیے، ہمیں پاک فوج کا بہت احترام ہے لیکن پاک فوج کو پتا تو ہو ان کا سربراہ کون ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں