11

احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 13 جون کو طلب کرلیا

لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت میں عدالت نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو 13 جون کو عدالت میں طلب کرلیا۔احتساب عدالت میں ہونے والی سماعت میں فواد حسن فواد، احد چیمہ اور دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف کی واپسی کی حتمی تاریخ مانگی تو شریف خاندان کے ترجمان عطا تارڑ نے بتایا کہ شہباز شریف 11 جون کو وطن واپس آجائیں گے۔جس پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ عطا تارڑ عدالت میں یہ بات کس حیثیت سے کررہے ہیں جبکہ ان کا وکالت نامہ بھی نہیں۔

نیب نے حاضری سے استثنیٰ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے تمام میڈیکل ٹیسٹ پاکستان میں ہوسکتے ہیں اور ان کا علاج بھی پاکستان میں ممکن ہے۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر گئے اور اب علاج کا بہانہ بنا کر حاضری سے معافی کی درخواستیں دی جارہی ہیں۔

نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔تاہم وقفے کے بعد ہونے والی سماعت میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے 13 جون کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا اور کیس کی سماعت بھی اس وقت تک کے لیے ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں