اسلام آباد اور پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے فی لٹر کمی کردی گئی ہے . المی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمت میں کمی کے باعث سی این جی کی قیمت کم کردی گئی ہے
اسلام آباد اور پنجاب میں سی این جی کی قیمت 72 روپے 50 پیسے سے کم ہو کر 65 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے. چئیرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن پہلے سے ہی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کررہی تھی. ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہئے، اوگرا کی جانب سے جون کے لیے نئی قیمت مقرر کی گئی ہے. دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے جون کے مہینے کے لیے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا بھی اعلان کردیا ہے جس کے تحت ایل این جی کی قیمت میں 1.48 ڈالر فی یونٹ کمی کی گئی ہے.

ایل این جی کی نئی قیمتوں سے متعلق اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق رواں ماہ جون کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 1.48 ڈالر فی یونٹ کمی کی گئی ہے. نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 1.38 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 6.13 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی ہے. اس کے علاوہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 1.48 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کم کر کے نئی قیمت 6.27 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے. واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہریوں اور ٹرانسپورٹ کی آمدروفت کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کھپت میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے اور شہری پٹرول اور ڈیزل کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں. تاہم عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں گرنے کے باعث پاکستان میں بھی نرخ مزید کم ہونے کا امکان ہے.