23

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے سندھ و خیبرپختونخوا اسمبلیوں کا اجلاس

کراچی/پشاور: سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری ہیں۔

سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا جب کہ اسمبلی اجلاس کی صدارت پریزائڈنگ افسر رکن پیپلز پارٹی نادر مگسی کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے اسپیکر کے لیے آغا سراج درانی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ریحانہ لغاری امیدوار ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے اسپیکر کے لیے جاوید حنیف اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے رابعہ اظفر امیدوار ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس سردار اورنگزیب نلوٹہ کی زیر صدارت جاری ہے جس کے دوران نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

اسپیکرشپ کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار مشتاق غنی کا مقابلہ اپوزیشن کے لائق محمد خان سے ہوگا جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے محمود جان کا مقابلہ اپوزیشن کے جمشید مہمند سے ہوگا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی 124 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے 112 ارکان ووٹ کا استعمال کریں گے، اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 75ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 نشستیں خالی کردی گئی ہیں جس میں سے 6 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جب کہ 3 حلقوں پر ابھی انتخابات ہونے ہیں، پی ٹی آئی کی 2 خواتین کی مخصوص نشستیں بھی خالی ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس کل شام 4 بجے ہوگا جس کی صدارت اسپیکر راحیلہ حمید درانی کریں گی۔

بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے اسپیکر کے لیے عبدالقدوس بزنجو امیدوار ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عمر خان جمالی کا نام سامنےآیا تھا۔

بلوچستان اسمبلی میں نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں اراکین کی حلف برداری
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 175 جب کہ مسلم لیگ (ن) 162، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے اراکین کی تعداد 10،10 ہے۔

پنجاب اسمبلی کی 7 نشستیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہیں جب کہ تین حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں