19

افغانستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان، حامد حسن کی واپسی

فغانستان نے ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا اور سینئر کھلاڑیوں کے اعتراض کے باوجود اسکواڈ کی قیادت گلبدین نائب کریں گے۔

اسکواڈ میں 31 سالہ فاسٹ باؤلر حامد حسن کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے آخری ون ڈے میچ جون 2016 میں کھیلا تھا لیکن اس کے باوجود وہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

2 ماہ قبل اصغر افغان کو قیادت سے ہٹانے اور گلبدین نائب کو قیادت سونپنے پر سینئر کھلاڑیوں محمد نبی اور راشد خان نے شدید تنقید کی تھی لیکن افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس کے باوجود گلبدین کو کپتان برقرار رکھا ہے۔15 رکنی اسکواڈ کا اعلان جنوبی افریقہ میں لگائے گئے ٹریننگ کیمپ کے بعد کیا گیا جہاں علی خیل، کریم جنت اور سید شیرزاد اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے البتہ انہیں ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا گیا ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میچز کھیلنے والے اسکواڈ کے 4 کھلاڑی نہ ہی ٹیم میں جگہ بنا سکے اور نہ اسکواڈ میں شامل ہو سکے، ان کھلاڑیوں میں اسپنر ظاہر خان، شاہ پور زدران، فرید احمد اور جاوید احمدی شامل ہیں۔سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ اسکواڈ کو گزشتہ 6 ماہ کی فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا اور ٹورنامنٹ کی طوالت کو دیکھتے ہوئے شہزاد کے بیک اپ کے طور پر وکٹ کیپر اکرام کو منتخب کیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمیں چند چیلنجز کا سامنا تھا لیکن ہم نے فٹنس، تجربے، کارکردگی، ٹیم کے توازن اور کنڈیشنز جیسے عوامل کو دیکھتے ہوئے ایک بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا۔

ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم جون کو دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔عالمی کپ 2019 کے لیے افغانستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

گلبدین نائب (کپتان)، محمد شہزاد، نور علی زدران، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، اصغر افغان، حشمت اللہ شاہدی، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، راشد خان، دولت زدران، آفتاب عالم، حامد حسن اور مجیب الرحمٰن۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں