دنیا میں ایک ایسا شخص بھی موجود ہے جس کی ٹانگیں 180 ڈگری تک مڑجاتی ہیں اور وہ آسانی سے الٹے قدم چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
امریکا کے 57 سالہ موسس لنھم نامی شخص ’مسٹر الاسٹک‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں جو 180 ڈگری تک ٹانگیں موڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اپنی اس مہارت سے دو مرتبہ الٹے پاؤں سے 20 میٹر تک چلنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر چکے ہیں۔
انہیں یہ انوکھی صلاحیت 43 سال قبل اس وقت حاصل ہوئی جب وہ 14 برس کے تھے اور ورزش کے دوران جم میں دو بلند دیواروں کے درمیان تنی ہوئی ایک رسی پر چلنے کی کوشش میں 5 میٹر بلندی سے نیچے گر گئے تھے۔
اس حادثے کے بعد موسس کو اپنے پیروں میں نمایاں تبدیلی محسوس ہوئی اور جلد وہ جان گئے کہ بغیر تکلیف کے وہ اپنی ٹانگوں کو 180 ڈگری تک موڑ کر چل سکتے ہیں۔
کسی کے سامنے الٹے پاؤں چلنے کی مہارت دکھاتے ہوئے بے حد مزہ آتا ہے— نیوز 24 فوٹو
ماہرین طب کے مطابق ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ٹانگوں، گھٹنوں اور کولہوں کے جوڑوں میں کارٹیلیج (کرکری ہڈی) کی دگنی مقدار موجود ہو۔
موسس میں کارٹیلیج اور متعلقہ ٹشوز دگنی تعداد میں ہونے کی وجہ سے وہ اپنے پاؤں کو گھٹنے سے 180 ڈگری تک موڑ سکتے ہیں۔
موسس کا کہنا ہے کہ انہیں کسی کے سامنے یہ مہارت دکھاتے ہوئے بے حد مزہ آتا ہے کیونکہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں، ایک مرتبہ ایسا بھی آیا کہ ایک شخص ان کے پاؤں مڑتے دیکھ کر الٹے پاؤں بھاگ گیا۔