18

او آئی سی کا کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار

اسلامی تعاون تنطیم ( او آئی سی ) نے مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورت حال سمیت مقبوضہ کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی تعیناتی اور بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو ممنوعہ کلسٹر بموں سے نشانہ بنائے جانے پر اسلامی تعاون تنظیم کو انتہائی تشویش ہے۔

بیان میں او آئی سی نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔

او آئی سی نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں ذمہ داری ادا کرنے کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی خواہش کے تحت جمہوری طریقے سےحل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں