11

بھارتی انتخابات کا چوتھا مرحلہ: 9ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ

بھارت کے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں انتخابات کے چوتھے مرحلے میں آج (پیر) کو پولنگ جاری ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں طویل انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔

بھارتی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں جن ریاستوں میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ان میں بہار کی 5 نشستیں، مہاراسٹرا کی 17 نشستیں، راجستھان کی 13 نشستیں، اترپردیش کی 13 نشستیں، اوڈیشا کی 6 نشستیں، مدھیا پردیش کی 6 نشستیں، مغربی بنگال کی 8، جھارکھنڈ کی 3 اور بھارت کے زیر تسلط کشمیر کی ایک نشست شامل ہے۔اس مرحلے سے متعلق کہا جارہا کہ یہ بھارتی وزیر اعظم کی جماعت کو بڑے ٹیسٹ کا سامنا ہے کیونکہ 2014 کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ان کے اتحادیوں کے ان 72 نشستوں میں سے 56 پر کامیابی حاصل کی تھی اور یہی ان کے اقتدار میں آنے کی وجہ بنی تھی۔

بھارت میں ہونے والے انتخابات کے اس مرحلے کو اس لیے بھی زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس میں وہاں کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں بھی انتخابات ہورہے ہیں، جس میں بھارت کی کچھ امیر ترین خاندانوں، بالی وڈ اسٹاز اور دیگر بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹی کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے نوکریوں کی کمی، کسان کے لیے نامناسب قیمتیں اور دیگر مسائل کی وجہ سے اس مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اسی کو دیکھتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ووٹنگ کے آغاز سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ بھی کیا۔انہوں نے لکھا کہ عام انتخابات کا ایک اور مرحلہ آج سے شروع ہورہا، مجھے امید ہے کہ آج یہ ووٹنگ بڑی تعداد میں ہوگی اور وہ گزشتہ 3 مرحلوں کی ووٹنگ کا ریکارڈ توڑ دے گی۔بھارتی وزیر اعظم نے نوجوانوں سے خصوصی اپیل کہ کہ وہ پولنگ بوتھ پر جائیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔

خیال رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں عام انتخابات 7 مراحل میں ہورہے ہیں، جو 19 مئی تک جاری رہیں جبکہ 23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ان عام انتخابات میں بھارت میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

بھارتی انتخابات کی مرحلہ وار پولنگ

واضح رہے کہ بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا پہلا سلسلہ11 اپریل کو ہوا تھا، جس میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔اس مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے روز پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی طرح دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ 18 اپریل کو ہوئی تھی جس میں 12 ریاستوں کی 95 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جہاں رجسٹر ووٹرز کی مجموعی تعداد 15 کروڑ 50 لاکھ تھی۔اس مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی اُن میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مقبوضہ جموں اینڈ کشمیر، کرناٹک، مہاراشٹر، مانی پور، اوڈیشا، اتر پردیش، مغربی بنگال، پودوچھری شامل تھے۔بھارتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ 23 اپریل کو ہوا تھا، جہاں نریندر مودی کے حلقے سمیت 15 ریاستوں کی کل 117 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی۔اس مرحلے میں بھارت کی 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں