پاکستان تحریک انصاف نے دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا متحدہ اپوزیشن کا مطالبہ مان لیا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ وہ پارلیمانی کمیشن بنانے کو تیار ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، تحقیقات کرانے کو تیار ہیں۔
متحدہ اپوزیشن کا دھاندلی کے الزامات پر پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ
خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن کا پہلا مطالبہ سامنے آگیا ہے جس میں حکومت کے حلف اٹھاتے ہی دھاندلی کے الزامات پر پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سوال اٹھایا ہے کہ آر ٹی ایس کس طرح بند کروائے گئے، کیوں بند ہوئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں قومی اور صوبائی نشستیں سب سے زیادہ ن لیگ نے جیتیں، حکومت کیوں نہیں بناسکے یہ سب کے سامنے ہے، لوگ جہاز میں پیسوں کے تھیلے لے کر پھر رہے ہیں، ان لوگوں نے پیسوں کے ذریعے منڈی لگائی ہوئی ہے،وہ کالے دھندے میں اپنا منہ کالا نہیں کرسکتے۔