33

تحریک انصاف کے محمود خان خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

کراچی/پشاور: تحریک انصاف کے محمود خان نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب اراکین کو 2 لابی میں تقسیم کر کے کیا گیا جس کے لیے محمود خان کے حامی اراکین لابی نمبر دو اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل کے حامی لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے۔

اراکین کے لابی میں جمع ہونے کے بعد اراکین کی گنتی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل گورنر ہاوس میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے عہدےکا حلف اٹھائیں گے جب کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے وزیراعلیٰ ہاوس بھی خالی کردیا۔

سندھ اسمبلی

دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت اسمبلی اجلاس جاری ہے جس کے دوران نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے کے لیے سید مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہریار مہر ہیں۔

اسپیکر نے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ مراد علی شاہ کو ووٹ دینے والے اراکین دائیں دروازے کی نشستوں کی جانب جائیں اور شہریار مہر کو ووٹ دینے والے اراکین بائیں جانب دروازے پر جمع ہوں۔

اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مستحکم ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مراد علی شاہ ایک مرتبہ پھر واضح اکثریت سے قائد ایوان منتخب کرلیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں