14

جمہوریت بچانے کا شور مچا کر اپنی چوری بچانا چاہتے ہیں، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو اپنی کرپشن عیاں ہونے پر پریشانی ہے اور اسی بنیاد پر موجودہ حکومت کے خلاف اسلام آباد میں مارچ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 23ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ ’اللہ نے مجھے سیاست میں آنے سے قبل تمام نعمتوں سے نوازا اور میں لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے سیاست میں آیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جمہوریت بچانے کا شور مچا کر اپنی چوری بچانا چاہتے ہیں، اسمبلی میں شور مچانے کا مقصد این آر او کا حصول ہے‘۔

عمران خان نے واضح کیا کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو این آر او دیا جس کی وجہ سے ملک کا 6 ہزار ارب روپے کا قرضہ 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا لیکن میں ہرگز کسی کو این آر او نہیں دوں گا کیونکہ میں اللہ کو جواب دہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ 22 برس حکمرانی کرنے والے ایک ہسپتال تعمیر نہیں کر سکے جہاں ان کا علاج ممکن ہوسکے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ کہ’جب ایک حکمران چوری کرتا ہے تو سارا نظام برباد ہوجاتا ہے‘۔وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہری اصولوں سے دوری ہمارے تنزل کی بڑی وجہ بنی۔

ان کا کہنا تھا کہ مخلص قائدین ملک وقوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اس کی مثال مہاتر محمد ہیں جن کی بدولت ملائیشیا نے ترقی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 23 برس جدوجہد کی مثال ہے، جدوجہد میں اچھے اور برے وقت آتے ہیں اور بعض لوگ دل برداشتہ ہوجاتے ہیں جبکہ کچھ رک جاتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ واحد پارٹی ہے جو مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آئی، کسی شارٹ کٹ کی صورت میں موجود میں نہیں آئی اور یہ ہی پارٹی پاکستان کو معاشی اور اقتصادی بحران سے نکالے گی۔

کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، شاہ محمود قریشی

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے خطاب کے دوران پارٹی کارکنان سے کہا کہ وہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔

جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد ہال میں وزیراعظم عمران خان کی سیاسی جدوجہد کی عکاسی کرتی ہوئی ایک ویڈیو چلائی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران کو پارٹی کے 23 واں یوم تاسیس اور پارٹی کارکنان کو وزیرِاعظم عمران خان مبارک ہو۔

انہوں نے 2014 کے تین ماہ سے جاری جاری رہنے والے دھرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما پر لاٹھیاں پر سائیں، لیکن آج وہی پولیس ان رہنماؤں کو سلام کر رہی تھی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے جن رہنماؤں کو ٹکٹ نہیں ملے انہوں نے پروپیگنڈے کے باوجود پارٹی کے نظریے کو نہیں چھوڑا ۔

پارٹی کے نائب چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا تمسخر اڑانے والے آج اسی کے خوف سے آپس میں مل رہے ہیں۔

ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس میں تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ ہوگئی تھیں، مہنگائی کی باتیں کی جارہی تھیں لیکن پاکستان کے سیاسی ووٹرز نے پی ٹی آئی پر اعتماد کرکے اسے جتوایا۔

پنجاب میں بلدیاتی قانون کے بل کی منظوری پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی قانون منظور ہوچکا ہے تاہم پارٹی کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے 25 اپریل 1996کو اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بنیاد رکھی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں