0

دفتر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان کو دورہ روس کی دعوت کی تردید

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو روس کے دورے کی دعوت دینے کی تردید کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ وزیراعظم عمران خان کی روس میں ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کی خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اور روس اعلی ترین سطح پر رابطے میں ہیں، اس سلسلے میں کوئی بھی اعلان مناسب وقت پر باضابطہ طور پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز خبر سامنے آئی تھی کہ روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم عمران خان کو ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کیلئے روس کے دورے کی دعوت دی ہے اور وزیراعظم نے دورہ روس کی دعوت قبول کرلی ہے۔  ایسٹرن اکنامک فورم 4 تا 6 ستمبر کو روسی شہر ولادی ووستوک میں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں