10

رانا ثناءاللہ پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کیلئے تیار

لاہور( ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ خان نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے مسلم لیگ ق کے ساتھ الائنس بنانے کے آپشن کو اوپن قرار دے دیا۔ انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کو وزارت اعلیٰ دینے کا اشارہ بھی دے دیا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں پرویز الہٰی کے لئے نرم گوشہ موجود ہے، جہاں تک چوہدری برادران سے رابطے کا تعلق ہے تو وہ سیاست میں رواداری کے قائل رہے ہیں، جب ان کی حکومت تھی تب بھی وہ سیاسی رواداری کو ملحوظ خاطر رکھتے تھے، ہمارے ان کے ساتھ رابطے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ کو پی ٹی آئی سے شکایات ہیں، پنجاب میں گورننس کا بریک ڈاؤ ن ہوچکا ہے ،اس سے اگلا سٹیپ انارکی ہے، اگر صوبے میں ایسے حالات ہوتے ہیں تو سب کیلئے تباہی ہوگی، ایسی صورت میں پی ٹی آئی میں سوچ ہے کہ عثمان بزدار کی حکومت میں تبدیلی آنی چاہیے۔ رانا ثناءاللہ خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی

آئی میں کسی نہ کسی بہانے سے گروپنگ ہورہی ہے، اگر ق لیگ الائنس سے باہر آتی ہے تو ن لیگ ان سے رابطے کے بارے میں سوچ سکتی ہے، اس حکومت کو پارلیمانی اور جمہوری طریقے سے گرایا جائے ، جو بات سیاسی اور جمہوری طور پر اِس وقت کی جانی مناسب ہے، اسے ہم اسی وقت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کو مسلم لیگ ن میں شامل کرنے پر اتفاق نہیں تھا لیکن ان کے ساتھ الائنس کیا جا سکتا ہے، کیونکہ جب آپ کسی کے ساتھ الائنس کرتے ہیں تو اس کی الگ حیثیت برقرار

رہتی ہے۔ اس وقت مسلم لیگ ق پی ٹی آئی کے ساتھ الائنس میں موجود ہے، ہمارے الائنس کی صورت اسی وقت سامنے آئے گی جب وہ موجودہ الائنس سے باہر آئیں گے، اگر ایسی صورت حال سامنے آتی ہے تو اس بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں