بالی وڈ اداکار عامر خان، ہدایت کار کرن جوہر اور اداکارہ رانی مکھرجی کو رنبیر کپور کی دادی کرشنا راج کپور کی آخری رسومات میں ہنسنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
گزشتہ دنوں بالی وڈ کے شومین کہلائے جانے والے اداکار راج کپور کی اہلیہ کرشنا راج کپور کا انتقال ہوا تھا۔
کرشنا راج کپور رشی کپور اور رندھیر کپور کی والدہ تھیں جب کہ وہ کرشمہ کپور، کرینہ کپور اور رنبیر کپور کی دادی بھی تھیں۔
رشی کپور کی والدہ کی آخری رسومات میں بالی وڈ کی بڑی شخصیات امیتابھ بچن، عامر خان، سیف علی خان اور ابھیشیک بچن سمیت کئی اداکاروں اور ہدایت کاروں نے شرکت کی۔
رنبیر کی دادی کی آخری رسومات میں اداکار عامر خان، کرن جوہر اور رانی مکھر جی کو ہنسنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر خان، کرن جوہر، رانی مکھرجی اور ہدایت کار ایان مکھرجی خوش گپیوں میں مصروف ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اداکاروں کو کرشنا راج کپور کی آخری رسومات میں ہنسے مسکرانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
شمیم نامی صارف کا کہنا تھا کہ عامر خان سے ایسے کسی عمل کی امید نہیں تھی جب کہ انجلی نامی خاتون کا کہنا تھا کہ رانی مکھر جی اور کرن جوہر کسی پارٹی میں ہیں یا آخری رسومات میں؟
رومیت پانڈے نامی صارف نے کہا کہ اداکاروں کو اس بات کا ہی خیال رکھنا چاہیے تھا کہ وہ کسی کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے آئے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ کرشنا راج کپور کا انتقال 87 سال کی عمر میں یکم اکتوبر کو ہوا تھا۔