232

سری لنکا دھماکوں کے ایک ہفتے بعد بھارتی سیکیورٹی اداروں کے کیرالا میں چھاپے

بھارتی پولیس نے سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی کے ایک ہفتے بعد جنوبی ریاست میں چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ اتوار کو ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی میں 250 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس نے یہ چھاپے ان افراد کے مکانات پر مارے جو حال ہی میں داعش کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے بھارت چھوڑ گئے تھے۔

نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایم آئی اے) کا کہنا تھا کہ انہوں نے خفیہ اطلاعات پر جنوبی ریاست کیرالا میں 3 مکانات پر چھاپہ مارا۔این آئی اے نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ‘3 افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کا ملزم کے ساتھ کوئی تعلق ہے جس نے بھارت چھوڑ کر داعش میں شمولیت اختیار کی تھی’۔

ادارے کے حکام کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران متعلقہ مکانات سے موبائل فونز، سم کارڈز، ڈیجٹل اسٹوریج ڈیوائسز، مسلم اسکالر ذاکر نائیک کی سی ڈیز، ڈی وی ڈیز جبکہ عربی اور دیگر زبانوں میں ہاتھ سے لکھی ہوئی دستاویزات بھی برآمد کیں۔رپورٹ میں پولیس حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ ریاست میں انتہا پسندوں کی سرگرمیاں نہیں ہیں کیونکہ یہاں ہندو اکثریت اور دیگر اقلیتیں امن کے ساتھ رہ رہی ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور اس کے مضافات میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں تقریباً 250 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بعدازاں داعش کی اعماق نیوز ایجنسی کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ دھماکے داعش نے کیے تاہم اپنے دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔واضح رہے کہ دھماکوں کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ انٹیلی جنس ایجنسیز نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ نیشنل توفیق جماعت حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے لیکن یہ معلومات وزیر اعظم کے دفتر میں دھماکوں کے بعد موصول ہوئیں۔

سری لنکا کی وزارت دفاع اور بھارتی حکومت کے ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے افسران نے اپنے سری لنکن ہم منصبوں کو پہلے حملے سے 2 گھنٹے قبل گرجا گھروں کو خطرے کی خصوصی وارننگ سے آگاہ کیا تھا۔جس کے بعد 25 اپریل 2019 کو سری لنکا کے سیکریٹری دفاع نے ایسٹر کے موقعے پر سلسلہ وار بم دھماکوں میں ’سیکیورٹی ناکامی‘ قبول کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں